فائل مملکت پاکستان اپنے اہم محل وقوع کے باعث دنیا کے نقشے پر نہایت اہمیت کی حامل ہے، جس کا اظہار عالمی قوتوں کی جانب سے ان کے عمل دخل کی صورت میں گاہے بگاہے ہوتا رہتا ہے۔ یہی محل وقوع جو ماضی میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا تھا اب دہشت گردی اور لاقانونیت کے باعث پاکستان اور اس کے عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ یہ ایک ایسا ملک بن گیا ہے جس میں داخل ہونا تو کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن ایک شریف اور قانون پر عمل درآمد کرنے والے عام پاکستانی کا کسی دوسرے ملک کا ویزا حاصل کرکے کسی ترقی یافتہ ملک میں جانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوچکا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان دنیا کے ان گنے چنے ممالک میں سے ایک ہے جس کے شہری اپنے پڑوسی ممالک میں بھی بغیر ویزے کے نہیں جاسکتے۔ دوسری طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی ان گنت قربانیوں کا صلہ عالمی برادری نے اس طرح دیا ہے کہ پاکستان کے عام شہریوں کو باقی ماندہ دنیا سے کاٹ کر رکھ دیا۔ اگرچہ طبقہ امراء کے افراد دولت کی چکاچوند سے ترقی یافتہ ممالک کے ویزے حاصل کرلیتے ہیں، تاہم عام پاکستانی شہری کے لیے ایسا کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔ ...